نیوکراچی میں کمسن بچے سے بدفعلی اور قتل، 2 ملزمان گرفتار

January 19, 2022

ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نیو کراچی میں کمسن بچے سے بدفعلی اور قتل کے ملزم اور پولیس پارٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے

نیو کراچی میں کمسن بچے سے بدفعلی کرنے اور اسے قتل کرنے کے سفاکانہ واقعے میں ملوث 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

بچے کی برہنہ لاش قبرستان سے ملی تھی، واقعہ ذاتی دشمنی پر گینگ ریپ اور سفاکانہ قتل کی واردات کا سبب نکلا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ویسٹ زون ناصر آفتاب نے ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ تبسم اور ایس پی انویسٹی گیشن شہلا قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں واقعے اور گرفتاریوں کی تفصیلات بتائیں۔

ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے میڈیا کو بتایا کہ سفاکانہ قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی سینٹرل ملک غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں ٹیم نے ملزمان کا سراغ لگایا، ملزمان کے تیسرے ساتھی کو منشیات فروشی کے مقدمے میں پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے جو اب جیل میں ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم ندیم کو جیل سے ہی اس مقدمے میں گرفتار کیا جائے گا۔

ناصر آفتاب کے مطابق مقتول بچے کے چچا سے گلی میں بیٹھنے پر جھگڑا ہوا۔

پولیس کے مطابق مرکزی ملزم نے بدلے کی آگ میں دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر مخالفین کو سبق سکھانے کی منصوبہ بندی کی۔

پولیس کے مطابق ملزم عامر اقبال اپنے 2 ساتھیوں سے مل کر بچے کو اغواء کرنے پہنچا، ندیم اور جواد کے ساتھ بچے کو بہلا پھسلا کر موٹر سائیکل پر بٹھایا۔

ملزمان نے ابدال شاہ مزار پہنچ کر پہلے نشہ کیا، پھر نشے کی حالت میں 7 سالہ بچے سے زیادتی کی، تینوں ملزمان نے بار بار زیادتی کی۔

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق بدفعلی کے بعد پکڑے جانے کے خوف سے ملزمان نے بچے کو قتل کر دیا اور بچے کا ٹراؤزر اس کے گلے میں باندھ دیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیئے گئے ہیں۔