ماضی نظر انداز کرکے مستقبل پر نظر رکھتا ہوں، شاہین آفریدی

January 24, 2022


کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان ، لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ نوجوان لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھائیںماضی کو نظر انداز کرکے مستقبل پر نظر رکھتا ہوں ، فاسٹ بولر لاہور قلندرز حارث رؤف نے کہا کہ ماڈرن کرکٹ کے لئے نئی نئی چیزیں سیکھنا پڑتی ہیں، پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کہا جائے تو شاید غلط نہ ہوگا کہ سال2021ء پاکستانی کرکٹ کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا۔ پچھلے سال پاکستان کرکٹ میں ایک نیا ولولہ دکھائی دیا، کھلاڑیوں میں نیا جنون نظر آیا اور جو نوجوان کھلاڑی دو تین سال پہلے تک ینگ ٹیلنٹ قرار دیئے جاتے تھے 2021ء میں ان نوجوان کھلاڑیو ں نے ینگ ٹیلنٹ سے اسٹارز بننے کا سفر پورا کیا۔ مجموعی طور پر پوری ٹیم کچھ خاص انفرادی کارکردگی کی وجہ سے پاکستان نے ایک سال میں ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے کا ریکارڈ بنایا جس میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو پہلی بار شکست دینے والا یادگار میچ بھی شامل ہے۔ قومی ٹیم نے ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں بھی اہم فتوحات حاصل کیں ۔ تینوں فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کی بنا پر آئی سی سی نے پاکستان کے چھ کھلاڑیوں کو سال کی بہترین او ڈی آئی، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں میں شامل کیا ہے۔ بابر اعظم کو آئی سی سی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ فخر زمان ون ڈے محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی جبکہ فواد عالم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔ کپتان لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ2022ء میں بھی اپنی کارکردگی کو جاری رکھیں گے اور پاکستانی ٹیم بہترین کارکردگی دکھاتی نظر آئے گی۔کوچز نے ڈریسنگ روم کا ماحول کافی اچھا رکھا تھا۔ کپتان نے پوری ٹیم کو بیک کیا بابر اعظم کی سپورٹ ہمیشہ سارے لڑکوں کے ساتھ رہی یہی وجہ ہے کہ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی۔ ٹیم کی بہترین کارکردگی کے باعث یہ توقع کی جارہی تھی کہ ہم انڈیا کو میچ میں ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔ لالہ سے بھی بات ہوئی تھی کہ پریشر میچ ہے کیا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ اپنی بھرپور جدوجہد کرنی ہے باقی نتائج کی پروا نہیں کرنا میں نے صرف کوشش کی اور اس کے نتائج اچھے نکلے۔ شاہد آفریدی ہمیشہ مجھے سپورٹ کرتے ہیں میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے اچھی پرفارمنس دکھاؤں۔ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ہارنے کا بہت دکھا تھا۔ ماضی کو نظر انداز کرکے مستقبل پر نظر رکھتا ہوں ۔ ہم لوگ فیلڈنگ میں بھی ایک ایک رن بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔میرے لئے قابل فخر ہے کہ میں لاہور قلندرز کو بطور کپتان نمائندگی کررہا ہوں دباؤ بھی ہوگا میچ ہاریں گے بھی اور جیتیں گے بھی۔ کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کہ تمام میچوں میں کامیابی حاصل کریں بطور کپتان ہر چیز کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ حفیظ اور فخر زمان جیسے سینئر پلیئرز سے بہت مدد ملے گی۔دو دن قبل وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تھی انہوں نے کہا تھا کہ فاسٹ بولر اچھا کپتان ہوتا ہے۔ کپتانی کا پریشر ہوگا مگر لاہور قلندر نے جو ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اتروں گا۔وزیراعظم عمران خان ہمیشہ بیک کرتے ہیں انہوں نے ورلڈ کپ کارکردگی پر کافی سراہا۔ ورلڈ کپ پر روانگی سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ آپ اسٹرائیک بولر ہیں ہمیشہ کوشش کریں اپنی بہترین پرفارمینس دیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی لاہور قلندرز کے سپورٹرز کو مایوس نہ کریں۔ہمیں مڈل آرڈر میں بیٹنگ میں مشکلات رہی ہیں اب عبداللہ شفیق اور کامران غلام کو لائے ہیں۔ہماری بولنگ بہت اچھی ہے راشد خان اور حارث رؤف جیسے بالرز موجود ہیں۔میری کوشش ہوگی ٹیم کو لے کر چلوں اور اچھی کرکٹ کھیلیں۔ لاہور قلندرز پورا سال کام کررہی ہے یہ کھلاڑیوں کوگروم کررہے ہیں۔نوجوانوں سے گزارش ہے لاہو رقلندر کے پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھائیں۔ آئی سی سی کرکٹ آف دیئر ایئر کوئی بھی جیتے بس پاکستان کو ٹرافی ملنا چاہئے ہماری کوشش ہوتی ہے پاکستان کا جھنڈا ہمیشہ اوپر رہے۔ فاسٹ بولر، لاہور قلندرز، حارث رؤف نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مینجمنٹ نے کافی اعتماد دیاکپتان کی جانب سے مکمل سپورٹ حاصل تھی اس کے ساتھ ساتھ لڑکوں نے ایک دوسرے کو بیک کیا۔ایک مقصد ہوتا تھا کہ میدان میں سو فیصد کارکردگی دکھانی ہے اس کی وجہ سے مثبت نتائج آتے رہے۔بھارت کے ساتھ کھیلا جانے والا میچ 2021ء کا ہمارا سب سے بڑا میچ تھااور ہمارا ہدف بھی وہ میچ تھا۔جب کرکٹ کا آغاز کیا تو سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں لوگوں کا رد عمل دیکھتا تھا مگر پھر مجھے یہ احساس ہوا کہ اس سے میری کارکردگی متاثر ہوتی ہے تو پھر میں نے سوشل میڈیا سے فاصلہ اختیار کرلیا۔جب کسی کی کارکردگی اچھی نہیں ہوتی تو سب مثبت انداز میں اس کو سمجھاتے ہیں ۔گراؤنڈ میں بولنگ کے دوران اپنی رفتار کا اندازہ نہیں ہوتا مگر کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں۔میچ سے قبل اور میچ کے دوران بولنگ پر ڈسکس کرتے ہیں شاہین شاہ آفریدی مجھ سے زیادہ تجربہ کار ہیں۔ایم ایس دھونی سے آغاز میں ملاقات میں نے کہا تھا کہ مجھے آپ کی شرٹ چاہئے تو انہوں نے کہا تھا کہ آپ کہیں پر بھی ہوں گے آپ کو شرٹ پہنچا دوں گاآسٹریلیا میں مجھے ان کے منیجر نے ان کی شرٹ پہنچائی۔ ماڈرن کرکٹ کے لئے نئی نئی چیزیں سیکھنا پڑتی ہیں۔ مجھے بطور کپتان شاہین کی کارکردگی پر پورا بھروسا ہے اگر بطور کپتان یہ مجھے غلطیوں کی نشاندہی کریں گے تومیں خوشی محسوس کروں گا۔