ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں حکمران بے نقاب ہوگئے ، الحاج احمد زادہ

January 28, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علمائے اسلام کے بزرگ رہنما صوبائی مجلس شوریٰ کے ممبر اورقومی اسمبلی کے سابق امیدوار الحاج احمد زادہ خان بٹ خیلہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے دھاندلی سے مسلط ہونے والے وزیراعظم کے خلاف فردجرم عائد ہو گئی ہے صفایاں پیش کرنے کی بجائے وزیراعظم کو بڑھتی ہوئی کرپشن پر قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہو جاناچاہئے۔ الحاج احمد زادہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لئے فنڈنگ کرنے والوں کی لوٹ مار کی کھلی چھٹی دینے مافیا کی سرپرستی اور اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث بڑے مگر مچھوں کو این آر او دینے سے ملک میں کرپشن بڑھتی جا رہی ہے۔ نوکریاں سرعام بک رہی ہیں ٹھیکوں میں کمیشن لیا جارہا ہے عمران نیازی کی طرف سے اپنی چوری چھپانے کے لئے چور چور کاشور مچایا جا رہا تھا لیکن ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں حکمران بے نقاب ہوگئے ہیں الحاج احمد زادہ خان نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف دلیرانہ جدوجہد سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن قومی ہیرو بن گئے ہیں جبکہ عوام نے کرپٹ نااہل اور نالائق حکمرانوں سے نجات کے لئے مولانا فضل الرحمن کا ساتھ دینے کاتہیہ کر لیا ہے۔ پی ڈی ایم لانگ مارچ کے موقع پر حکمرانوں کے خلاف دما دم مست قلندر ہو گا جب چاروں صوبوں سے لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے تو حکمرانوں کو عوام کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔