روزانہ دس منٹ کی چہل قدمی یا جسمانی سرگرمی سے عمر میں اضافہ

January 29, 2022

راولپنڈی(جنگ نیوز)امریکہ میں ایک تحقیق سےمعلوم ہوا ہے کہ اگر روزانہ دس منٹ ورزش، جسمانی سرگرمی اور چہل قدمی کی جائے تو اس سے امراض دور رہتے ہیں اور اوسط عمر میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔میری لینڈ میں واقع نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ میں میٹابولک اپی ڈیمیولوجی کے پروفیسرپیڈرو سینٹ مورائس کہتے ہیں کہ اگرجاگنگ کی بجائے تیزقدمی بھی کی جائے تو اس سے ہر رنگ اور نسل کے بزرگوں کو فائدہ ہوتا ہے۔سائنسدانوں نے درمیانی عمر سے لے کر بڑھاپے کے 4800 افراد کا جائزہ لینےسےمعلوم ہوا کہ روزانہ 10 منٹ کی ورزش سے قبل ازوقت موت کا خطرہ 7 فیصد، 20 منٹ ورزش سے 13 فیصد اور اضافی نصف گھنٹے کی واک یا ورزش سے یہ فائدہ 17 فیصد تک جاپہنچتا ہے۔ اب اگر لوگ صرف 20 منٹ روزانہ ورزش کے لیے نکالتے ہیں تو اس سے سالانہ دو لاکھ سے زائد جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔