لا پتہ طلباء کی عدم بازیابی کیخلاف طلباءگرینڈ الائنس کا سریاب روڈ پر احتجاجی مظاہرہ

January 29, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان یونیورسٹی سے یکم نومبر 2021 کو لاپتہ ہونے والے طلباء فصیح بلوچ ، سہیل بلوچ کی عدم بازیابی کیخلاف جمعہ کو طلباء تنظیموں پر مشتمل گرینڈ الائنس نے جامعہ بلوچستان کے سامنے سریاب روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، اس موقع پر طلبا رہنماوں نے فصیح بلوچ اور سہیل بلوچ کی عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک جانب جامعہ بلوچستان میں طلباء کے داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے اور دوسری جانب یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کررہی ہے کہ طلباء تنظیموں نے جامعہ بلوچستان کو بند کررکھا ہے ، گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم سے ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان یونیورسٹی کو صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے فیصلے اور گورنر بلوچستان کی ہدایت پر تعلیمی سرگرمیوں کیلئے بند کیا گیا ، طلباء رہنماوں نے جامعہ بلوچستان کے افسران و اساتذہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ طلباء کی گمشدگی پر کیوں خاموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی سے منسلک تمام سب کیمپسز کے طلباء کو پیغام دیتے ہیں کہ یہ تعلیمی ادارے ہمارے ہیں ، انہوں نے کہا کہ فورسز کے انخلاء ، جامعہ بلوچستان کے لاپتہ طلباء کی بازیابی کیلئے جاری احتجاج کے دائرہ کار کو جامعہ بلوچستان کے احاطے سے اب پورے صوبے میں پھیلایا جائیگا ۔