اداروں کی ٹیمیں بحال ،کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف کو ترقیاں دی جائیں، احمد ضیاء

May 17, 2022

پاک پی ڈبلیو ڈی کر کٹ ٹیم کے کوچ احمد ضیاء نے وزیر اعظم شہباز شریف، بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری اور پی پی کے رہنما سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے اپیل کی ہے کہ سابق حکومت نے اداروں میں کھیل کے شعبے اور ٹیموں کو بند کردیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں مرد اور خواتین کھلاڑی بے روزگار ی کا شکار ہوگئے ہیں ، اس لئے ان ٹیموں کو فوری طور پر دوبارہ سے بحال کیا جائے تاکہ قومی کھلاڑیوں کو معاشی پریشانی سے نجات مل سکے۔

انہوں نے یہ بھی اپیل کی کہ کئی اداروں میں کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی ترقیاں کئی سالوں سے رکی ہوئی ہیں حکومت اس پر بھی توجہ دے تاکہ ان کے مالی مسائل حل ہوسکے، انہوں نے کہا کہ اداروں نے ملک میں کھیلوں کی ترقی میں جو کردار ادا کیا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے،ان اداروں نے ہی ملک کو نومور کھلاڑی فراہم کئے جنہوں نے عالمی اور ایشیائی سطح پر ملک اور قوم کا نام روشن کیا۔