عمران خان ملک و قوم کیلئے امید کی کرن ہیں ، زین قریشی

May 17, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و سینئر وائس پریذیڈنٹ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ ایک طویل عرصہ بعد پاکستان کو عمران خان کی شکل میں باوقار اور دیانتدار قیادت میسر ہوئی ہے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ وہ پاکستان کو باوقار قوموں کی صف میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان ملک اور قوم کیلئے امید کی کرن ہیں۔ قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کس سمت لیکر جانا ہے۔ ”اگر قوم کو درست سمت لیکر جانا چاہتے ہیں‘ قوم کو آزادی دلانا چاہتے ہیں‘ ملک کوخود مختیار بنا نا چاہتے ہیں‘ غلامی سے نجات دلانا چاہتے ہیں تو قوم کو یکجا ہو کر عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا“۔ آنے والی نسلوں اور ملک کے خاطر یکجا ہونا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری کی رہائش گاہ پر ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت عامر ڈوگر نے کہا موجودہ حکمران اپنی ذات اور اپنے لئے سوچتے ہیں۔ عمران خان آنے والی نسل اور ملک کیلئے سوچتے ہیں۔ عمران خان قوم کو غلامی سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکمرانو ں نے ماضی میں بھی ملک لوٹا اور اب پھر لوٹ مار کی دولت کو بچانے اور اپنے اوپر مقدمات کو ختم کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ حکومت کو عمران خان فوبیا ہوگیا ہے۔13جماعتیں ایک طرف عمران خان ایک طرف‘ آنے والا وقت عمران خان کا ہے اور تحریک انصاف کا ہے۔ قوم کو ملک کے وسیع تر مفاد میں عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ امید کی آخری کرن عمران خان ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا کہ 20مئی کا دن اہلیان ملتان کیلئے ایک تاریخی دن ثابت ہوگا۔ اس دن جنوبی پنجاب کے کونے کونے سے مائیں‘ بہنیں‘ بیٹیاں‘ نوجوان‘ کسان‘ بزرگ ہر طبقے کے افراد تحریک انصاف کا پرچم اٹھا کر عمران خان کا فقید المثال استقبال کریں گے۔