ملتان (سٹاف رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے فیصل آباد‘ ساہیوال، سرگودھا، ملتان اور ڈی جی خان کے اضلاع زیادہ موزوں ہیں،اگیتی کپاس کیلئے سفارش کردہ وقت کاشت 31مارچ تک ہے، کاشت کار کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے ٹرپل جین اقسام (سی کے سی 1، سی کے سی 3،حتف 3، آئی سی ایس 386، سی کے سی 6،CEMB-AAS3 وغیرہ) کاشت کریں، کاشتکار بیج خریدتےوقت یہ تسلی ضرور کر لیں کہ بیج فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا تصدیق شدہ ہو اور خالص ٹرپل جین اقسام کا ہو، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5فٹ اور پودوں کا باہمی فاصلہ 1.5 تا2 فٹ رکھیں، کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے 75فیصد سے زیادہ اگاؤ والا 4 تا 5 کلو گرام یا60 فیصد اگاؤ والا 5 تا 6 کلوگرام بر اترا ہوا بیج استعمال کریں اوربیج کو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کی مشاورت سے زہر لگا کر کاشت کریں۔