بھارتی ہدایتکارہ قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر، فلم بنانے کا بھی اعلان

May 18, 2022

فوٹو: فائل

مرحوم پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ پر بھارت میں فلم بنائی جائے گی جس کی ہدایت کار فلم ساز ایلنکریتا شری واستو ہوں گی۔

خیال رہے کہ شری واستو حال ہی میں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر کامیاب فلموں ہدایتکاری کرچکی ہیں۔

فوزیہ عظیم المعروف قندیل بلوچ ایک ماڈل اور سوشل میڈیا پرسنیلیٹی تھیں۔ انہیں سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز، خواتین کے حقوق کے لیے بات کرنے اور متنازع بیانات کے بعد غیر معمولی شہرت ملی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نامور فلموں اور سیریز کی ہدایتکاری کرنے والے ایلنکریتا شری واستو نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ قندیل بلوچ کی زندگی کی کہانی پر متوجہ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب 2016 میں قندیل کا قتل ہوا تو اس نے مجھے صدمہ پہنچایا، یہ غیرت کے نام پر گھناؤنا قتل تھا، اس واقعے کے بعد سے میں قندیل کے بارے میں سوچنا بند نہیں کر پائی۔

ایلنکریتا کا کہنا تھا کہ میں نے قندیل بلوچ کی ویڈیوز کو دیکھنا شروع کیا، انہیں بار بار دیکھا اور ان ویڈیوز نے میری توجہ ان کی جانب مبذول کروائی۔

بھارتی اداکارہ نے قندیل بلوچ سے متعلق کہا کہ وہ ایک پرجوش اور زندگی سے بھرپور خاتون تھیں، ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والی اس غریب لڑکی نے خود کو مشہور بنانے کا راستہ خود بنایا۔

اپنی فلم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم قندیل بلوچ کے دلیرانہ جذبے کی علامت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کو ان کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا۔