ای کامرس لوگوں کے معاشی حالات کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے، کامران بنگش

May 19, 2022

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ ای کامرس ہمارا مستقبل ہے، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ای کامرس کے بزنس نے کاروباری اداروں اور صارفین کے اشتراک سے حیرت انگیز طور پر کامیابی حاصل کی۔ ہماری حکومت نے ای کامرس کیلئے جتنا کام کیا اتنا تاریخ میں کسی حکومت نے آج تک نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور کے نجی سکول میں ای کامرس کے مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ ای کامرس لوگوں کی معاشیات کو بہتر بنانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے لوگوں کی ای کامرس میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای کامرس کے ذریعے خواتین اور بچے گھر بیٹھے بیٹھے پیسے کما سکتے ہیں وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک ترقی پذیر آئی ٹی پاور ہاؤس کے طور پر سامنے آ ئے گا ہمارے نوجوان ای کامرس میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں اور بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔