بی آر ٹی پر کام میں تاخیر برداشت نہیں کرینگے ،ملک شاہ محمد

May 20, 2022

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے متعلقہ حکام کو بی آر ٹی پشاور کے نئے فیڈر روٹس پر خصوصی توجہ دینے اور اس پر جاری کام میں تیزی لاکر بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، انھوں نے کہا کہ نئے فیڈر روٹس پر کام میں سست روی اور تاخیر برداشت نہیں کرینگے عوام کو بہتر اور آسان سفری سہولیات مہیا کرنا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیبر پختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں خیبر پختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس، ڈپٹی ڈائریکٹر پالیسی اینڈ پلاننگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر پراجیکٹ نے شرکت کی صوبائی وزیر کو اجلاس میں نئے فیڈر روٹس چمکنی تا پبی، بورڈ تاریگی، حیات آباد، چارسدہ روڈ اور ورسک روڈ پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مذکورہ فیڈر روٹس پر کام جاری ہے جسے مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا صوبائی وزیر نے اتھارٹی حکام کو ڈبگری گارڈن، چمکنی اور حیات آباد میں کمرشل پلازوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تا کہ ان پلازوں سے موصول ہونے والے آمدن کوصوبے کے عوام کی بہتر مفاد میں استعمال کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ نئے فیڈر روٹس کی تکمیل سے پشاور شہرکے گردونواح میں رہنے والے بھی بی آر ٹی کی سفری سہولت سے مستفید ہونگے اور کم وقت اور سستے کرایہ پر سفر کرینگے بی آر ٹی میں مسافروں کو آسان سفر کیلیے تمام سہولیات مہیا کی گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بی آر ٹی کی بسوں میں لوگ لاکھوں کی تعداد میں سفر کررہے ہیں انہوں نے اتھارٹی حکام کو کے پوما کے اگلے اجلاس میں پراجیکٹ کا پراگریس پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔