پشاور (خصوصی نامہ نگار) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے چھٹے روز سیالکوٹ ریجن اور ملتان ریجن نے بڑے مارجن سے اپنے میچ جیت لئے۔ پہلے میچ میں سیالکوٹ نے دفاعی چیمپئن لاہور بلوز کو 110 رنز سے شکست دی لاہور بلوز 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 14 اعشاریہ دو اوورز کا سامنا کرتے ہوئے صرف 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سیالکوٹ کے کپتان اور لیگ سپنر اسامہ میر نے شاندار باؤلنگ چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اسامہ میر نے تین اعشاریہ دو اوورز میں آٹھ رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستان کی سرزمین پر بہترین ٹی ٹونٹی سپیل کا ریکارڈ قائم کر دیا سیالکوٹ کی جانب سے سفیان مقیم نے تین اوورز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ سیالکوٹ کی جانب سے عبد اللہ شفیق نے 31 گیندوں پر 57 رنز بنائے عبداللہ شفیق نے اپنی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے بھی لگائے، انہوں نے حسن نواز کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیثے 80 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی حسن نواز نے 28 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور دو چھکے لگا کر ٹوٹل میں 41 رنز کا اضافہ کیا سیالکوٹ کی اننگز کے آخر میں احسن حفیظ بھٹی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی محسن ریاض اور احسن کی جوڑی نے پانچویں وکٹ پر 76 رنز کی شراکت قائم کی۔ لاہور بلوز کی جانب سے محمد رضوان اور حنین شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے میچ میں ملتان نے کراچی بلوز کو 74 رنز سے شکست دی۔ ملتان کے کپتان امام الحق کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت ملی، انہوں نے 71 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور مقررہ 20 اوورز میں 201 پر پہنچایا امام الحق نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نو چوکے اور دو چھکے لگائے اوپننگ بلے باز محمد نعیم نے 25 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنائے دونوں بلے بازوں نے چھ اعشاریہ دو اوورز میں اپنی ٹیم کو 70 رنز کا جارحانہ آغاز بھی فراہم کیا ملتان کی جانب سے بسم اللہ خان نے 23 گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکا رسید کرتے ہوئے 34 رنز بنائے وسیم اکرم جونیئر نے اننگز کا اختتام آٹھ گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بنا کر کیا۔کراچی بلوز کی جانب سے شاہ نواز دھانی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کراچی بلوز کی پانچ وکٹیں سات اعشاریہ چار اوورز میں 56 رنز کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ اوپننگ بلے باز احسان علی دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر 20 رنز پر آؤٹ ہوگئے عثمان خان اور مہران ممتاز نے چھٹی وکٹ کے لئے 48 رنز کی شراکت قائم کرکے مزاحمت کی کوشش کی عثمان 23 گیندوں کا سامنا کرکے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ مہران نے 10 گیندوں پر دو چھکے لگا کر 19 رنز بنائے۔ ملتان کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد اسماعیل نے تین اور عرفات منہاس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔