پشاور (آئی این پی ) حیات آباد میں نئے قبرستان کی تعمیر کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کو گزشتہ روز حیات آباد کے دورے کے دوران مقامی رہائشیوں نے آگاہ کیا کہ حیات آباد کے لیے مختص موجودہ قبرستان میں تدفین کے لیے جگہ تقریباً ختم ہو چکی ہے، جس کے باعث اہل علاقہ کو اپنے مرحومین کو دفنانے کے لیے دور دراز علاقوں کے قبرستانوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ رہائشیوں نے اس مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن نے اجلاس طلب کیا جس میں ڈائریکٹر لینڈ پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی، اسسٹنٹ کمشنر متنی، تحصیلدار متنی اور دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ضلع انتظامیہ پشاور، پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ریونیو حکام کو ہدایات جاری کیں کہ حیات آباد کے قریبی علاقوں اچنی بالا اور سنگو کے علاقوں میں حیات آباد کے رہائشیوں کے لیے قبرستان کے قیام کے لیے مناسب اراضی کا انتخاب کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔کمشنر پشاور ڈویژن نے مزید ہدایت کی کہ منتخب کردہ اراضی کی نشاندہی کے بعد پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی قبرستان کے اردگرد حفاظتی دیوار کی تعمیر اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ حیات آباد کے رہائشیوں کو تدفین کے لیے مناسب اور باقاعدہ قبرستان میسر آ سکے۔