پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے خزانہ میں بیماری سے تنگ 55سالہ شخص نے مبینہ طو رپر خودکشی کرلی ہے جبکہ متنی میں تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے شہری جاں بحق جبکہ اس کی بیوی اور کم سن بیٹا شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ تھانہ خزانہ پولیس کو محمد یاسر سکنہ خزانہ پایان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ اس کا والدمحمد ارشد بیماری سے تنگ آچکا تھا ، اس نے گزشتہ روز کمرے میں خود پرمبینہ طور پر فائرنگ کرکے زندگی کا خاتمہ کردیا ہے،پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول ودیگر اہم شواہد اکٹھی کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ ادھر تھانہ متنی پولیس کو غلام مصطفی نے بتایاکہ اس کا بھتیجا قاری محمد فاروق اور بیٹے حمدان کے ہمراہ متنی گاوں جارہے تھے اس دوران غازی آباد چوک بائی پاس کے مقام پرسڑک عبور کرتے ہوئے تیزرفتار موٹرکار ڈرائیور نے مبینہ غفلت اور بے احتیاطی سے ڈرائیورنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس سے قاری محمد فاروق بیوی وبچے سمیت سڑک سے دوسری طرف گرپڑے جہاں دوسری موٹرکار نے آکر انہیں ٹکرماردی ۔حادثہ میں قاری فاروق موقع پر جاں بحق جبکہ بیوی وبچہ زخمی ہوگئے۔ حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل بھی تباہ ہو گئی۔ پولیس کا کہناہے کہ موٹرسائیکل کو ٹکر مارنے والا ڈرائیور نامعلوم جبکہ دوسرے ڈرائیور کی شناخت عاصم سکنہ درہ آدم خیل سے ہوئی ہے جن کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے دونوں کیسز کی مختلف پہلووں سے تفتیش شروع کردی ہے ۔