ایزی جیٹ مالی سال کے آخر تک پوری گنجائش کے ساتھ چلنے لگے گی

May 21, 2022

لندن (پی اے) ایزی جیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ مالی سال کے آخر تک وہ پوری گنجائش کے ساتھ چلنے لگے گی۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے مارچ کے آخر تک چھ ماہ کے دوران خسارے میں کمی کی ہے۔ ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جوہان لنزرگریننے بتایا کہ ائر لائن نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران قبل از ٹیکس خسارہ 645 ملین پونڈ سے کم کر کے 557 پونڈ کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سفری پابندیاں ہٹائے جانے سے بحالی میں بہت مدد ملی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران انھوں نے اتنی ہی نشستیں پیش کیں، جتنی 2019 کے دوران پیش کررہے تھے جبکہ نشستوں کی بکنگ کیشرح 97 فیصد رہی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ہفتوں کے دوران ائر لائن نے پہلے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ بکنگ کی۔ انھوں نے بتایا کہ ایسٹر سے اب تک ائرلائن نے روزانہ 1,600 پروازوں کے ذریعہ چوتھائی ملین مسافروں کو منزل تک پہنچایا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ انڈسٹری کو کچھ آپریشنل مسائل درپیش ہیں، اس لئے آپ توقع کرسکتے ہیں، ہم اپنی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنائے رکھنے کیلئے اقدامات پر بھرپور توجہ مرکوز رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ دوسری ائر لائنز کے ساتھ مقابلے میں ہماری پوزیشن مستحکم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ بھی ہوا تو بھی ایزی جیٹ کو فائدہ ہوگا کیونکہ اس کے مقابلے کی ائر لائنز کی بہت زیادہ قیمت کی وجہ سے مسافروں کو ایزی جیٹ ہی میں کشش نظر آئے گی۔