صحت کی معیاری سہولتیں بہت بڑا چیلنج، آبادی پر کنٹرول کرنا ہوگا، میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

May 21, 2022

لاہور(رپورٹ:وردہ طارق)ماہرین نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں بہم پہنچانا بہت بڑا چیلنج رہا ہے،جو سہولیات شہریوں کو حاصل ہیں ان کو معیاری اور محفوظ بنانے کے لیے ایک مستند نظام کے تحت ریگولیٹ کرنا انتہائی ضروری ہے،پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن مثبت کرادرا دا کر رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی آبادی پہلے ہی بہت بڑھ چکی ہے اور اگر اس پرقابو نہ پایا گیا تو آنے والے عرصے میں صحت کے نظام کو چلانا اور مشکل ہو جائے گا۔ غیر مستند معالجین اور اتائیوں کے خلاف موثرحکمت ِعملی وضع کر کے ان کے ہا تھوں مریضوں کو معذور، مفلوج اور جسمانی نقائص پیدا ہونے یا ہلاک ہونے سے بچانا بھی بہت اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن اور میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی(جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) کے زیر اہتمام ہونیوالی راؤنڈٹیبل کانفرنس بعنوان ʼʼمعیاری اور محفوظ علاج پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کی اولین ترجیحʼʼ میں کیا۔اس تقریب کے مہمان ِخصوصی رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق تھے۔ حرفِ آغازچیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز نے پیش کیا۔ مہمانوں میں سابق چیئر پرسن بورڈ آف کمیشنرزپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن پروفیسر ڈاکٹرعطیہ مبارک،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل،سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزپروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت،پروفیسر ڈاکٹر سعید قاضی،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان،سی ای او پنجاب ہیلتھ انشیٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، پرنسپل سمزپروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل،پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد تسنیم،ہیڈ آف گائنی سمزپروفیسر ڈاکٹر طیبہ و سیم،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر بلال محی الدین،پرنسپل شالیمار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر زاہد بشیر،سابق سربراہ سمز پروفیسر ڈاکٹرمحمود ایاز،ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹپروفیسر ڈاکٹر فیصل ڈار،ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عامر مفتی،صدر پی ایم اے پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی،صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنزڈاکٹر طارق میاں،ڈائریکٹر کلینیکل گورننس و آرگنائزیشنل اسٹینڈرڈز پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریا،ڈاکٹر جمشید احمد(ڈبلیو ایچ او پنجاب)، ڈاکٹر جاوید حیات خان(پی کے ایل آئی)، ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر،پروینشل اربن ہیتھ سپیشلسٹ یونیسیف پنجاب ڈاکٹر مشتاق احمد شادشامل تھے۔میزبانی کے فرائض واصف ناگی چئیرمین میرخلیل سوسائٹی(جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) نے سر انجام دئیے۔