کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایس آئی یو نے نیشنل آئل ریفائنری کی لائن سے تیل چوری کی کوشش ناکام بنا دی۔ اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں ایک گودام میں چھاپہ مار کر نیشنل آئل ریفائنری کی پنجاب جانے والی آئل چوری کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق ملزمان نے تیل چوری کے لئے ایک گودام کے اندر سے100میٹر طویل سرنگ بنائی تھی۔ سرنگ بنانے کے لیے گودام کے اندر 15 فٹ سے زیادہ گہرائی کھدائی کی گئی تھی۔ ملزمان سرنگ بنا کر تیل چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک گودام سے بڑی مقدار میں مٹی نکال کر ملیر ندی میں پھینکی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گودام میں کے ایک کمرے میں موجود سرنگ کا انکشاف ہوا جسے لکڑی کے تختوں سے ڈھانپ کر اس پر کپڑے کے بورے رکھے گئے تھے۔ملزمان سے تیل چوری کے لئے استعمال ہونے والے کلپ ، پائپ اور سرنگ بنانے کے لئے استعمال ہونے والے اوزار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔