• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل نے ہرمحاذ پر کامیابیوں کو سمیٹا ہے،خواجہ آصف

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل نے ہر محاذ پر کامیابیوں کو سمیٹا ہے، وزیر مملکت خزانہ و ریلویز بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کوئی بھی انٹرنیشنل جریدہ ہو اس میں پاکستان مرکز میں ہی نظر آتا ہے، رہنما پیپلز پارٹی اور سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ امریکی جریدوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف خوشی کی خبر ہے۔ وہ جیو نیوز سے گفتگو کر رہے تھے۔ جیو نیوز سے سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی اور دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے جیو سے گفتگو میں کہا میں سمجھتا ہوں کہ پچھلی حکومت پاکستان کے اوپر جو کھنڈرات چھوڑ کر گئی تھی اس کھنڈرات پرہم عمارت تعمیر کرنے کی شروعات کرنے میں الحمدللہ کامیاب ہوگئے ہیں جس کو ساری دنیا سراہا رہی ہے اللّٰہ کے فضل سے پاکستان پر جو دہشت گرد کا دھبہ تھا وہ اب ہٹ گیا ہے اور آج پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر سامنے ہے جس میں اہم کردار ہماری عسکری قیادت کا ہے جس میں قابل ذکر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہیں جنہوں نے خواہ وہ ڈپلومیٹک فرنٹ ہو یا پھر عسکری فرنٹ دونوں محاذ پر کامیابیوں کو سمیٹا ہے ۔پی آئی اے کی نجکاری ہمارے لئے ایک اچھا آغاز ہے اور آنے والے دنوں میں یہ ہماری معیشت کے لئے ایک اچھا شگون ہے ۔ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا کردار عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات یہ وہ اہم بریک تھرو ہے جو پچھلے 75 سال کی تاریخ میں نہیں ہوا تھا ۔ اس وقت 2025کا اختتام ہے اور ہم پورے اعتماد کے ساتھ 2026ء میں اللّٰہ کے فضل سے کیونکہ ہمارے حصے میں جو فتوحات آئی ہیں خواہ وہ معاشی ہیں سفارتی ہیں جنگی ہیں ہم ان کو ساتھ لے کر ایک نئے دور کا آغاز کررہے ہیں ۔
ملک بھر سے سے مزید