ملکی دفاع کیلئے پاک فوج نے ہر دور میں قربانیاں دیں‘ سینیٹر ثمینہ ممتاز

May 21, 2022

کوئٹہ (پ ر) پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ ہماری بہادر افواج نے ملکی دفاع کے لئے ہر دور میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی جغرافیائی حیثیت اور مضبوط فوج ہی پاکستان کی سلامتی اور بقاء کی ضامن ہے۔ جغرافیائی محل وقوع کے باعث پاکستان ہر دور میںاہمیت کا حامل رہاہے اور جغرافیائی حیثیت کا فائدہ مضبوط اور طاقتور فوج کے بغیر نہیں اٹھایا جا سکتا۔ گزشتہ دو دہائیوںکے دوران پاکستان نے دنیا میں امن کے قیام میں ہر ممکن کوشش کی ہے اور امن قائم کرنے کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں ۔انہوں نے کہا کہ سلام ہے شہداء کے والدین کو جن کے سپوتوں کی شہادت ان کے عزم و جذبہ کونہیں ڈگمگاتی بلکہ مزید پختہ کرتی ہے اور وطن سے محبت اور اس کے لئے قربان ہو جانے کے جذبے میں ذرا برابر بھی فرق نہیں آتا جبکہ دوسری طرف اگر دیکھاجائے توایک تکلیف دہ احساس یہ ہوتا ہے کہ ہمارے چندبھٹکے ہوئے لوگ غیر ملکی دشمنوں کے ہاتھوں اپنے ہی معصوم بہن بھائیوں کی جانوں کے درپے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دشمن کبھی ان کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا۔ خدارا اب بھی وقت ہے بھٹکے ہوئے لوگ اپنے اور ملک کے ازلی دشمنوں کو پہچانیں اور اپنے آپ کو ان کے چنگل سے آزادا کرا کرقومی دھارے میں شامل ہو جائیںاور ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔درایں اثناء سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے شیرانی کوہ سلیمان میں دنیا کے سب سے بڑے صنوبر کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے آگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تین صوبوں کے سنگم پر واقع ہونے کے باوجود تاحال آگ پر قابو نہ پانا بڑے افسوس کی بات ہے اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے ودیگر اداروں کو جلد سے جلد آگ پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ آگ پر قابو نہ پانے کے مرتکب اداروں اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے متعلقہ محکموں کے افسران اور انتظامیہ کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کی جائے ۔