سیاسی چوہوں نے جمہوری انداز گفتگو کا بیڑہ غرق کردیا، پرویز رشید

May 21, 2022

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سیاسی چوہوں نے جمہوری انداز گفتگو کا بیڑہ غرق کردیا۔

اسلام آباد میں معروف دانشور اور مصنف راجا انور کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں پرویز رشید نے کہا کہ ریاست کے اقتدار میں عوام کا حق ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سیاسی چوہے آگئے ہیں، جمہوری انداز میں بات کرنے والوں کا بیڑہ غرق کردیا گیا۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جس سماجی شعور کی بات کی جاتی ہے، ہم نے اُس علم سے جان چھڑالی، یہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر پابندی لگ جاتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے دور کے نعرے تہذیب کے دائرے میں تھے، آج سیاسی نعروں میں جانور اور نیوٹرل کہا جاتا ہے۔

پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ کتاب سے دور نہ ہوتے تو جس تبدیلی کی خواہش ہم سب میں ہے، وہ محسوس ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کتاب سے صرف دوری نہیں کی بلکہ کتاب کاحلیہ بھی بگاڑا ہے، پہلے کتاب کی اشاعت 1300 ہوتی تھی، اب 500 چھپتی ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے موت کا منظر، یعنی مرنے کے بعد کیا ہوگا تو پڑھ رکھا ہے، لیکن اُس سے پہلے کے معاملات سے بے خبر ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ یونین کے حلف کے لیے کسی وزیر کو بلایا جاتا تھا، ایس ایم ظفر اور نوابزدہ شیر علی بہت آیا کرتے تھے۔

پرویز رشید نے کہا کہ راجا انور کالج یونین صدر بنے تو حلف برداری کی صدارت کالج چوکیدار سے کرائی۔