کنزرویٹو کے چوہدری فیاض احمد بانبری کونسل کے ڈپٹی میئر منتخب

May 22, 2022

آکسفورڈ شائر ( اورنگزیب چوہدری ) برمنگھم کے قریبی علاقے بانبری آکسفورڈ شائر میں برطانیہ کی حکمران جماعت کنزریٹو پارٹی کے برٹش کشمیری کونسلر چوہدری فیاض احمد بانبری ٹائون کونسل کے ڈپٹی میئر منتحب ہو گئے نومنتحب ڈپٹی میئر چوہدری فیاض احمد کو کونسل اجلاس میں منتخب ہونے کے بعد باضابطہ ڈپٹی میئر کا چین پہنایا گیا۔ ڈپٹی میئر بانبری ٹائون کونسل فیاض احمد نے جنگ لندن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانبری ٹائون کونسل کا ڈپٹی میئر منتحب ہونے پر میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں اور اپنی اس کامیابی اور اعزاز کو اپنی پارٹی اور کمیونٹی کے نام کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیونٹی کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے، ہم سب کو مل کر اجتماعی مفادات کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا، انہوں نے کہا برطانیہ ملٹی کلچرل سوسائٹی ہے، برطانوی سیاست میں ترقی اور کامیابی کے بلا تفریق و تقسیم برابری کی بنیاد پر مواقع میسر ہیں ،نومنتحب ڈپٹی میئر چوہدری فیاض احمد برطانیہ کے ممتاز عالم دین سابق سیکرٹری جنرل اہل حدیث برطانیہ مولانا محمد شعیب میرپوری اور بانبری کے سابق کونسلر چوہدری الیاس اور ممتاز سماجی شخصیت حاجی حبیب کے حقیقی بھائی ہیں۔ ان کا آبائی تعلق ڈھلہ اسلام گڑھ میرپور آزاد کشمیر سے ہے۔