پونم ڈھلون کی بیٹی پلوما ٹھاکریا کو بولی وڈ میں کیریئر شروع کرنے پر مبارکباد

May 22, 2022

ممبئی (آئی این پی )1970 کے عشرے کے آخری سالوں بالخصوص 1980 کے عشرے کے دوران بولی وڈ کی کئی ہٹ فلموں میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی سینئر اداکارہ پونم ڈھلون کی بیٹی پلوما اب اپنی والدہ کے نقش قدم پر چل پڑی ہیں اور وہ جلد ہی اپنا بولی وڈ کیریئر شروع کرنے والی ہیں۔ آونیش برجاتیا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں وہ سنی دیول کے بیٹے راج ویر دیول کے مدمقابل امکانی طور پر بطور ہیروئن سامنے آئیں گی۔اس حوالے سے پونم ڈھلون نے اپنی بیٹی پلوما ٹھاکریا کی کیریئر کی ابتدا پر اپنے انسٹاگرام پر پلوما کی تصاویر کے ساتھ خصوصی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے بیٹی کو اس کے نہایت ہی اہم کیریئر شروع کرنے پر مبارکباد دی ہے۔پونم ڈھلون نے پوسٹ میں کہا کہ تمہاری سخت محنت، کمٹمنٹ اور صلاحیت کا یہ انعام ہے۔ خدا تمہیں بڑی کامیابی دے اور تم ہمیشہ جگمگاؤ۔ تمہارے لیے محبتیں اور تم پر فخر کرتی تمہاری ماں۔ پونم کے اس پوسٹ پر ان کے پرستاروں اور دوستوں نے مبارکبادی۔ جن میں گلوکارہ الکا یاگنک اور پروڈیوسر انو رنجن بھی شامل ہیں۔