یوکرینی ہدایتکار کی کانز فلم فیسٹیول میں روس کی موجودگی پر مذمت

May 22, 2022

کانز فلم فیسٹیول، فائل فوٹو

یوکرینی ہدایتکار دیمیٹرو سکھولیتکی سوبچک نے کانز فلم فیسٹیول میں روسی ہدایتکار کو شامل کرنے پر تنقید کی ہے۔

کانز فلم فیسٹیول میں باقاعدہ روسی وفود کی شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، لیکن یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کرنے والے روسی ہدایتکار کرل سیریبرینیکوف کی فلم ’چائیکووسکیز وائف‘ کا پریمیئر کیا گیا۔

اس حوالے سے یوکرینی ہدایتکار دیمیٹرو سکھولیتکی سوبچک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’جب کرل سیریبرینیکوف یہاں ہیں تو وہ روسی پروپیگنڈے کا حصّہ ہیں، اور روس ان کا استعمال کرسکتا ہے۔‘

یاد رہے کہ روسی ہدایتکار سیریبرینیکوف نے اس ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ ’روسی ثقافت کا بائیکاٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ’روسی ثقافت نے ہمیشہ انسانی اقدار کو فروغ دیا ہے۔‘

دیمیٹرو سکھولیتکی سوبچک کی بطور فلمساز بنائی گئی پہلی فلم ’پامفیر‘ ہفتہ کو کینز کے ’ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ‘ میں دکھائی گئی۔

سکھولیتکی سوبچک نے ایسے حالات میں جب ان کا ملک جنگ کی صورتحال کا سامنا کررہا ہے کانز فلم فیسٹیول میں شامل ہونے کے اپنے احساس کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ’یہاں جو کچھ ہوا، اس سب کا تعلق یوکرین سے نہیں ہوگا کیونکہ یہاں پرامن زندگی ہے جبکہ ہمارے ملک میں حقیقت اس کے برعکس ہے۔‘

مغربی یوکرین کے علاقے چیرنیوٹسی کے جنگلات میں بنائی گئی فلم’پامفیر‘ کا آغاز ایک باپ، لیونیڈ کی مہینوں پولینڈ میں کام کرنے کے بعد اپنے خاندان میں واپسی سے ہوتا ہے۔

اس فلم کی کہانی یوکرین میں جاری حالیہ جنگی صورتحال سے بھی کافی مماثلت رکھتی ہے۔

فلم میں لیونیڈ کا کردار ادا کرنے والے اداکاراولیکسینڈر یاتسینٹیوک کا اپنے ملک کی حالیہ صورتحال اور اپنی فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’یہ فلم یوکرین کے لوگوں کی طاقت کی عکاس ہے، جو بہت مضبوط ہیں اور کون جیتے گا؟، یہ سوال صرف وقتی ہے کیونکہ ہمیں شکست نہیں دی جا سکتی۔‘