اوپن ٹرائلز کے نظام کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ندیم خان

May 23, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہناہے کہ وہ اوپن ٹرائلز کے نظام کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ کسی بھی کھلاڑی کے لیےاپنی صلاحیتوں کے مکمل اظہار کے لیے چند اوورز یا میچز ناکافی ہیں۔کھلاڑیوں کی مکمل صلاحیتیں جانچنے کے لیے ایک منظم اور مناسب ڈھانچہ ہونا چاہیے، جہاں انہیں اپنی مہارت نکھارنے اور فٹنس میں بہتری لانے کے لیے مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں۔ نچلی سطح پر کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط اور توانا کرنے کے لیے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے چیف ایگزیکٹوز کے ساتھ لاہور میں سیر حاصل مشاورت مکمل ہونے پر خوشی ہے۔اتوار کو ایک بیان میں ندیم خان نے کہا کہ وہ تمام چیف ایگزیکٹوز کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نےان موضوعات پر تبادلہ خیال کے لیے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرلاہور آنے کے لیے وقت نکالا۔ یقین ہے کہ وہ کھیل کی ترقی اور فروغ میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے رہیں گے۔