فیفا ورلڈکپ 2022، خواتین ریفریز پہلی بار فرائض نبھائیں گی

May 23, 2022

زیورخ(نیوز ڈیسک) قطر میں ہونے والے مینز فیفا ورلڈکپ 2022میں پہلی بار خواتین ریفریز فرائض سرانجام دیں گی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے قطر میں ہونے والے مینز فٹبال ورلڈکپ کیلئے پہلی بار 6خواتین کو اپنے ریفریز پینل کے لیے منتخب کرلیا ہے۔رپورٹس کے مطابق فرانس کی اسٹیفنی فراپارٹ، روانڈا کی سلیما مکانسانگا، جاپان کی یوشیمی یاماشیتا کو مینز فٹبال ورلڈکپ کے 36 رکنی ریفریز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ برازیل کی نیوزا بیک، میکسیکو کی کیرن دیاز میڈینا اور امریکا کی کیتھرین نیسبت کے علاوہ 69رکنی اسسٹنٹ ریفریز دستہ بھی ایونٹ میں فرائض ادا کرے گا۔فیفا ریفریز کے سربراہ پیئرلوگی کولینا کا کہنا ہے کہ خواتین ریفریز کا انتخاب جنس کو مدنظر رکھے بغیر کیا گیا ہے،امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں اہم مردوں کے مقابلوں کے لیے خواتین میچ آفیشلز کو معمول کے مطابق ذمہ داریاں دی جائیں گی۔دوسری جانب عالمی فٹبال ورلڈکپ رواں سال 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں کھیلا جائے گا، جس میں خواتین ریفریز پہلی بار اِن ایکشن ہوں گی۔