جرمنی اور اٹلی کو گیس کی ادائیگی روسی کرنسی میں کرنے کی اجازت مل گئی

May 23, 2022

برلن(نیوز ڈیسک)جرمنی اور اٹلی نے اپنی کمپنیوں کو روسی گیس کی ادائیگی کے لیے روبل اکائونٹس کھولنے کی اجازت دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی اور اٹلی نے برسلز سے مشاورت کے بعد اہم تجارتی فیصلہ کیا ہے جس کے بعد دونوں ملکوں کی کمپنیوں کو روسی گیس کی ادائیگی کے لیے روبل اکائونٹس کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔یاد رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یکم اپریل سے روسی گیس کی ادائیگی روسی کرنسی روبل میں کرنے کے احکامات پر دستخط کیے تھے۔ پیوٹن نے قدرتی گیس کی قیمت ڈالر اور یورو کے بجائے روسی کرنسی روبل میں لینے کا اعلان کیاتھا، ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی وجہ نہیں کہ امریکا اور یورپ کو اشیا دیں اور قیمت ڈالر یا یورو میں لیں۔