اینٹی ڈینگی مہم کامیاب بنانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی طے کی گئی ہے،کمشنر پشاور ڈویژن

May 23, 2022

پشاور(نامہ نگار) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈینگی پر قابو پانے کے لئے مہم میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو شامل کرنے کی ہدایات جاری کی ہے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی شمولیت سے نہ صرف آگاہی مہم کو کامیاب بنانے میں مدد ملے گی بلکہ ان کی نشاندہی پر متاثرہ علاقوں میں سپرے،صفائی اور دیگر اقدامات بھی کئے جاسکیں گئے۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت ہفتے کے روز کمشنر آفس پشاور میں ڈینگی کے مکمل خاتمے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ٹی ایم ایزاور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں میئر پشاور حاجی زبیر علی سمیت پشاور کے تمام تحصیل چیئرمین کو بھی خصوصی طور مدعو کیاگیا تھا۔اجلاس میں گرمی کی شدت میں اضافے‘ حالیہ بارشوں اور ان کی وجہ سے مچھروں کی افزائش کے روک تھام کے حوالے سے انتظامات پر کمشنر پشاور ڈویژن کو الگ الگ تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں اینٹی ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کیساتھ عوامی آگاہی مہم میں بھی تیزی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ حکمت عملی طے کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے جن کے عوام سے قریبی رابطے ہوتے ہیں اور وہ آگاہی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ان کو بھی عوامی آگاہی مہم میں شامل کیا گیا اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ آگاہی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مہم میں شامل کیاجائے اور تمام تحصیل چیئرمینوں کو اجلاس میں مدعو کیا جائے اور یونین کونسل کی سطح پر ویلج کونسل چیئرمین، نیبرہڈ چیئرمین، کونسلروں، یوتھ کونسلرز، کسان کونسلرز اور خواتین کونسلرز کے ساتھ گھر گھر آگاہی مہم تیز کیاجائے اس کے علاوہ ان کی نشاندہی پر متاثرہ علاقوں میں سپرے‘ صفائی اور دیگر اقدامات کئے جائیں۔کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے اینٹی ڈینگی مہم کی ازخود براہ راست نگرانی کا اعلان کرتے یومیہ رپورٹ بھی طلب کرلی۔