یاسین ملک اور دیگر اسیروں کی رہائی کیلئے عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے، راجہ نجابت، ہڑتال کا خیرمقدم

May 24, 2022

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے حریت کانفرنس کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میںآج24 مئی کو ہونے والی ہڑتال کی کال کا خیر مقد م کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تحریک کے عہدیداران پہلے سے ہی برطانوی ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئرز، میئرز، کونسلروں اور بااثر کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔اس موقع پر راجہ نجابت کا کہنا تھا کہ یاسین ملک اور دیگر اسیروں کی رہائی کیلئے عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے۔اس سلسلہ میں راجہ نجابت حسین کی قیادت میں ڈپٹی لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈارچیئرپرسنJKSDMI-UK، ذیشان عارف، کونسلر صبیحہ خان، سابق کونسلر کنیز اختر، محمد ہیری بوٹا و دیگر نے برطانوی شہروں مانچسٹر اور لیڈز میں برطانوی شیڈو منسٹرالیکس سوبل ایم پی، ڈاکٹر افضل خان ایم پی، سر ٹونی لوئڈ ایم پی، ڈاکٹر روزینہ ایم پی، میئر آف ویسٹ یارک ٹریسی برابن، لارڈ میئر آف لیڈز، میئر آف بری کونسلر شاہینہ ہارون راجہ، ڈپٹی لیڈر آف بری کونسل، مختلف کونسلروں اور نارتھ آف انگلینڈ کے کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کیں اور کشمیر لابی مہم کو مزید تیز کیا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ یاسین ملک اور دیگر اہم کشمیری رہنماؤں کی رہائی جن میں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، سید صلاح الدین، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، راجہ معراج الدین کلوال، پیرسیف اللہ، تاجر ظہور احمد وٹالی، سابق رکن اسمبلی انجینئر رشید شامل ہیں کے سلسلہ میں اور مقبوضہ جموں کشمیر کی انتہائی سنگین صورتحال پر بات چیت کرنے کیلئے ہماری تحریک کے عہدیداران نے 24مئی 2022کو برطانوی پارلیمنٹ میں ایک خصوصی اجلاس کے انعقاد کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس اجلاس میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی جن میں ڈیبی ابراھم ایم پی، چیئرپرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر، لارڈ واجد خان، بیرسٹر عمران حسین ایم پی، اینڈریو گوئن ایم پی، ناز شاہ ایم پی و دیگر شامل ہیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران نے برطانیہ کے مختلف شہروں میں مختلف کشمیری تنظیموں کے ساتھ خصوصی رابطے شروع کر رکھے ہیں تا کہ یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنماؤں کی رہائی کے سلسلہ میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے اور یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنماؤں کی رہائی کے لئے بھارت پر عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔ہم سب مل کر یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنماؤں کی رہائی کے لئے بین الاقوامی سطح پر قانونی و سفارتی محاذ پر بھی میدان عمل میں اُتریں گے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہو گی کہ ہم ہر بین الاقوامی سفارتی محاذ پر یاسین ملک اور دیگر کشمیری راہنماؤں کی رہائی کے سلسلہ میں مضبوط اور ہم خیال رائے عامہ کو ہموار کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔