پی ٹی آئی گالیوں، گولیوں پر اتر آئی ہے، رانا ثناء اللّٰہ

May 24, 2022

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت گالیوں اور گولیوں پر اتر آئی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے وسائل اور فورسز کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہونے آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے نام پر فتنہ و فساد اور تقسیم کا ایجنڈا پورا نہیں ہونے دیں گے، کسی قسم کی اشتعال انگیزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اسے خونی مارچ کا نام نہ دیتی تو انہیں آسلام آباد آنے کی اجازت دیتے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاع ہے کہ کچھ لوگ مسلح ہوکر اسلام آباد آنا چاہتے ہیں، مسلح جتھوں کو اسلام آباد آنے سے روکنا چاہیے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، یہ قومی مسئلہ ہے تمام اداروں اور جماعتوں کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ریڈ زون سمیت پورے اسلام آباد کی سیکیورٹی اہم ہے، خواتین اور بہنوں سے اپیل ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی ہیومن شیلڈ نہ بنیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے کہ ان کے جتھے خیبرپختونخوا سے اسلحہ بردار ہو کر آئیں گے، عمران خان سمیت ان کے ممبران کی گرفتاری ضرور بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضروری سمجھا گیا تو اسلام آباد میں کل چھٹی دی جائے گی، یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ 2 سے 3 دن نہیں بلکہ کل شام تک حالات نارمل ہو جائیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن واقعے پر عمران خان کی حکومت نے 4 سال کے دوران کوئی کاروائی نہیں کی، دراصل یہ پورا واقعہ پروپیگنڈا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں کہ بہترین فیصلے لیے جائیں گے، اگر ایک جتھا اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتا ہے تو ان کو ضرور روکا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے درخواست کی تو رینجرز اور فوج کو طلب کیا جا سکتا ہے۔