حضرت افغان کے گھرمیں ڈکیتی کے ملزمان گرفتارکیے جائیں‘صوبائی قومی جرگہ

May 25, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی قومی جرگہ بلوچستان کے رہنما یوسف خان کاکڑ نے کہا ہے کہ 19 مئی کو حضرت افغان جیسے ذمہ دار سیاسی و قبائلی رہنماء کے گھر ہونے والی ڈکیتی کی واردات کو ہم منظم ، منصوبہ بند ، گھناؤنی سازش سمجھتے ہیں ، قائم مقام گورنر ، وزیراعلیٰ اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے برآمدگی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر قومی جرگہ کے حضرت افغان ، عبدالرحمٰن بازئی ، ملک عبدالقیوم شاہوانی ، حاجی عبدالمجید بنگلزئی ، حاجی مقصود احمد بارکزئی ، مفتی رحمت اللہ ، ڈاکٹر صلاح الدین اور پروفیسر محمد حنیف بازئی سمیت دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ملزمان نے ڈکیتی کے دوران اسلحہ کے زورپر گھروالوں کو یرغمال بناکر قیمتی سامان ‘ نقدی اور زیورات لوٹے جوقابل مذمت ہے واردات منصوبہ بندی کے تحت کی گئی کیونکہ حضرت افغان سماج دشمن عناصر کے خلاف اور پرامن و باہمی احترام پر مبنی معاشرے کے قیام ،، قبائلی و علاقائی جھگڑوں کے خاتمے میں فعال و متحرک کردار ادا کررہے ہیں جو مافیاز اور ان کے سرپرستوں کو قابل قبول نہیں ایک سوال پر حضرت افغان نے کہا کہ پولیس نے ہم سے ایک ہفتہ کا وقت مانگا ہے اگر جمعہ تک ملزمان گرفتار نہیں ہوئے تو ہم احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔