روس کا یوکرین میں جدید ترین لیزر ہتھیار استعمال کرنے کا اعلان

May 26, 2022

ماسکو (اے ایف پی /جنگ نیوز )روس نے یوکرین میں جدید ترین لیزر ہتھیار استعمال کرنے کا اعلان کر دیا ۔ادھر روس نے یوکرین کے ایک اور اہم علاقے لوہانسک کے مکمل کنٹرول کا اعلان کیا ہے ، تفصیلات کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ یوری بوری سوف نے ٹی وی پر اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس یوکرین میں زادیرا سسٹم کا استعمال کرنے جا رہا ہے۔جدید ترین لیزر ہتھیاروں پر مشتمل زادیرا لیزر سسٹم 5 کلو میٹر کے فاصلے پر اپنے اہداف کو تباہ کرنے، ڈیڑھ ہزار کلومیٹر کی رینج میں نگرانی کرنے والے تمام سیٹلائٹس کو جام کرنے، مختلف قسم کے ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے اور مہنگے ترین میزائلوں کو چلنے سے روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یوری بوری سوف نے انٹرویو میں کہا کہ زادیرا سسٹم یوکرین کی سرحدوں پر قائم روسی فوجی اڈوں کے لیے ارسال کیا جا رہا ہے اور ان ہتھیاروں کی فرسٹ جنریشن کا استعمال جلد شروع کر دیا جائے گا۔ادھر روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب صدر دمیتری میدودوف نے کہا ہے کہ روس تیسری عالمی جنگ شروع کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔دریں اثنا فن لینڈ نے سیکورٹی خدشات کے مدنظر نیٹو میں شمولیت کی درخواست دی تھی جس کے بعد روس نے فن لینڈ کی گیس سپلائی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روسی سرکاری توانائی کے ادارے Gazprom نے فن لینڈ کی کمپنی Gasum کو اس فیصلے سے خبردار کردیا ہے۔