ٹیکساس کے اسکول میں بچوں پر فائرنگ کا ملزم امریکی شہری نکلا

May 26, 2022

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعے میں دو اساتذہ سمیت21افراد ہلاک ہوئے ، حملہ آور نے پرائمری کے بچوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، تفصیلات کے مطابق حملہ آور کی شناخت سلواڈار راموس کے نام سے ہوئی ہے جو امریکی شہری ہےاور سین اونٹونیو سے 135 کلومیٹر دور واقع اوالڈے شہر کا رہائشی تھا۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کہا ہے کہ بظاہر اسکول میں پولیس سے مقابلے کے دوران راموس کی موت ہوئی۔ گورنر کا کہنا تھا کہ حملہ آور کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ہلاک ہونے والے 19 طلبا میں دوسری، تیسری اور چوتھی جماعت کے طالبعلم شامل ہیں جن کی عمریں 7سے 10سال کے درمیان تھیں۔ اس واقعے میں اسکول کے دو اساتذہ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق نوجوان سلواڈار راموس ایک پک اپ ٹرک چلاتے ہوئے آیا جو ’راب ایلیمنٹری سکول‘ سے چند گز کے فاصلے پر ایک کھائی سے ٹکرایا جس کے بعد راموس ٹرک سے اترا، سکول میں داخل ہوا اور فائرنگ کر دی۔