کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالجنید عزیز نے فلور ملز کے ساتھ ٹریڈرز کو سبسڈی ریٹ پر گندم کی فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی دی گئی گندم پر سبسڈی جو سندھ کے عوام کا حق ہے، ٹریڈرز حکومت سے 8000روپے میں گندم لے رہے ہیں اور فلور ملز کو 9500میں فروخت کر رہے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹریڈرز کے لیے جو گندم مختص کی گئی ہے اسے فوری منسوخ کیا جائے فی الفور پالیسی میں تبدیلی کر کے گندم فلور ملز کو دی جائے،ایسوسی ایشن نے صدرِ پاکستان آصف علی ذرداری،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کو ٹریڈرز کی نظر ہونے سے بچایا جائے، اس معاملے پر فوری لائحہ عمل دیا جائے،گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم کی فوڈ پالیسی 2025-2026 کے حوالے سے کچھ شکوک و شبہات، کچھ حقائق اور کچھ اہم معاملات ہیں جن پر غور کرنا بے حد ضروری ہے،اس فوڈ پالیسی میں فلور ملز کو کوٹہ دیا گیا ہے۔