اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سی پیک اور پاکستان چین تعاون سے متعلق جعلی اور غلط خبروں اور گمراہ کن پروپیگنڈےکے تدارک کےلیے ڈیجیٹل فیکٹ چیک فورم کے قیام کی تجویز دےدی ،وزیر اطلاعات نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے، فیک نیوز کی حوصلہ شکنی وقت کی ضرورت ہے۔یہ فورم جعلی خبروں کی نشاندہی اور درست معلومات کی بروقت فراہمی میں معاون ثابت ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ برس پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں جو دونوں ممالک کی دوستی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ بدھ کو 9 ویں سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ خصوصی اور اسٹریٹجک تعلقات کا اعزاز حاصل ہے جو کسی اور ملک کو حاصل نہیں۔ آئرن برادرز کی اصطلاح صرف پاکستان اور چین کے تعلقات میں استعمال ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے ملک میں نہ صرف بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے بلکہ ثقافتی تبدیلی کا بھی باعث بنا۔