رانا ثناء نے قتل و غارت کروائی، عدالت سے انصاف ملے گا، پی ٹی آئی

May 27, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)تحریک انصاف کے مرکزی رہنمائوں نے کہا ہے کہ راناثناءاللہ نے جان بوجھ کرقتل وغارت کروائی،بدھ کے روز بربریت پورے پاکستان نے دیکھی،پولیس نے دھاوا بولا ،تشددکیا اور فیصل کو پل سے نیچے گرا دیا ۔پولیس تشددسے ہلاک پی ٹی آئی کارکن فیصل عباس چوہدری کے جنازے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاسلم اقبال نےکہا کہ لوگ پر امن طریقے سے جانا چاہتے تھے، ہمیں عدالت سے ہی ریلیف کی توقع ہے۔ میرے بھائی کو نارووال جیل میں لے کر گئے ہیں۔ جن پولیس والوں نے یہ سب کیا انکو جواب دینا پڑے گا،ان کے نام یاد ہیں۔ سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا کہ تحریک انصاف کوئی غلط بات نہیں کہہ رہی، صرف صاف شفاف الیکشن کروائے جائیں۔ ہم بالکل تیار ہیں ،دوبارہ نکلیں گے۔ سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سازشی سہولت کار شریف اور زرداری کا ایجنڈاہی اداروں کو بدنام کرنا ہے ۔سرکاری مشینر ی کا بے دریغ استعمال ہوا، خود ہی درختوں کو آگ لگائی اور الزام پی ٹی آئی پر لگا دیا۔ رانا ثنا اللہ کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جا سکتا وہ جھوٹا ہے ۔بزدار کا استعفیٰ غیر آئینی تھا خود رانا ثنا اللہ بھی یہ کہتے رہے ۔ ،کانسٹیبل جاں بحق ہونے کے ذمہ دار حمزہ شہباز شریف ہیں۔مزید برآں تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود سیکرٹری انفار میشن پنجاب مسرث جمشید چمیہ کے ساتھ فیصل عباس شہید کے گھر گئے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل عباس کی دو چھوٹی بیٹیاں ہیں ، اگر ماڈل ٹائون کے سانحے پر سزا ہو جاتی تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ یہ فسطائیت حکومت کسی کو اپنا حق استعمال نہیں کرنے دے رہی۔