لاہور(اپنے نامہ نگار سے)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور میں خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر شہری محمد لیاقت علی شہید کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ملک امانت خان راول، سید عاطف شاہ گیلانی، ملک اصغر، آصف حیات، سردار محمد علی اور دیگر معززین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہید کے اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں شہید کے بیٹے کی تعلیم مکمل ہونے تک تمام تعلیمی اخراجات خود برداشت کریں گے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ محمد لیاقت علی شہید کی قربانی کو پوری قوم سلام پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر نہ صرف خوشحال گڑھ چیک پوسٹ بلکہ سینکڑوں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا اور دہشت گردی کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ محمد لیاقت علی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے پورے ضلع اٹک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔