• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت لاک ڈاؤن کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کو جلد اچھی خبر سنائے گی، علی مصطفیٰ ڈار

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایڈوائزر برائے سپیشل انیشیٹوز اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس علی مصطفی ڈار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت لاک ڈاؤن کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کو جلد اچھی خبر سنائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب اگلے ماہ Ai Vision 2029 کا اعلان کریں گی جس کے تحت پنجاب حکومت کا یہ ہدف ہے کہ اگلے تین سال میں پنجاب کو جنوبی ایشیاء کا سب سے پہلا اے آئی فعال صوبہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار لاہور چیمبر کے دورے کے موقع پر کیا۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے انکا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں اور طاہر جاوید ملک بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، سابق نائب صدر حارث عتیق اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے اور معیشت کی ترقی کا راستہ اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز سے ہو کر گزرتا ہے۔ آئی ٹی سیکٹر میں زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں بلکہ انکیوبیشن سینٹرز کے قیام سے اس شعبے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اے آئی کے فروغ کے لیے آسان فنانسنگ اور خصوصی پروگرامز متعارف کرانے پر بھی زور دیا۔
لاہور سے مزید