مشہور زمانہ فلم ’گُڈ فیلاس‘ کے مرکزی اداکار رے لیوٹا انتقال کرگئے

May 27, 2022

معروف امریکی اداکار اور پروڈیوسر رے لیوٹا 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کی وفات ڈومینیکن ریپبلک میں ہوئی۔

آنجہانی اداکار کے نمائندے نے میڈیا کو بتایا کہ رے لیوٹا کا انتقال سوتے میں ہوا۔

اداکار کیربیئن ملک میں فلم ’ڈینجرس واٹرز‘ کی عکسبندی کے لیے موجود تھے۔

رے لیوٹا، مارٹن اسکورسی کی مشہور زمانہ فلم ’گڈ فیلاس‘ میں ’ہینری ہل‘ کا مرکزی کردار ادا کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔

چار دہائیوں پر پھیلے طویل کیریئر میں انہوں نے کئی لازوال فلموں میں اداکاری کی، چند مشہور فلموں میں کاپ لینڈ، فینکس اور اَمن فارگیٹیبل شامل ہیں۔

حال ہی میں رے لیوٹا نے کرائم تھرلر فلم ’نو سڈن موو‘ میں بھی اداکاری کی تھی۔

انہوں نے زیادہ تر مار دھاڑ والے کردار ادا کیے ہیں، ایک انٹرویو میں ان سے اس متعلق پوچھا گیا تو لیوٹا نے کہا تھا کہ میں نے ذاتی زندگی میں کبھی بھی جھگڑا نہیں کیا۔

رے لیوٹا نے یونیورسٹی آف میامی سے ڈرامے کی تعلیم حاصل کی تھی اور وہیں ان کو پہلے ڈرامے ’کیبرٹ‘ میں شامل کیا گیا تھا۔

’گڈ فیلاس‘ میں لیوٹا کے ساتھی اداکاروں رابرٹ ڈی نیرو اور جوئے پیسکی نے بھی بہت ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔