غیرحقیقی ومسلط کردہ قیادت نے ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا ‘ صادق عمرانی

June 26, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر صادق عمرانی نے عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سیاسی منظرنامے میں یکسر تبدیلی کے بعد بلاول بھٹو نے بحیثیت وزیر خارجہ سیاسی تدبروبصیرت کو بروئے کار لاتے ہوئے استحکام پاکستان کے لئے قلیل عرصہ میں جو خدمات سرانجام دیں وہ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئی ہیں اگر ملک کی حقیقی سیاسی قیادت کو نظر ضرورت کے تحت دیوار سے نہیں لگایا جاتا تو آج حالات قدرے مختلف ہوتے۔ بارہا لاحاصل تجربات میں مسلط کی جانے والی غیر حقیقی قیادت نے نہ صرف ہمارے قومی تشخص کو بری طرح مجروح کیا بلکہ ہمیں عالمی سطح پر تنہا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی بلکہ اس منفی طرز سیاست نے بے روزگاری، مہنگائی اور لاقانونیت میں ناقابل یقین حد تک اضافہ کیا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ شہادتوں سے رقم ہے، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ملک کو ایٹمی طاقتوں کی صف میں لاکھڑا کئے جانے کے جرم میں پھانسی کے پھندے کا سامنا کرنا پڑا، بی بی شہید کو حقیقی عوامی حاکمیت کی بحالی کی سزا میں سرعام خاک و خوک میں نہلا دیا گیا۔ جیالوں کو اپنے قائدین سے والہانہ محبت و عقیدت کے جرم میں پابند سلاسل کرکے ان پر کوڑے برسائے گئے اسی ثابت قدمی نےپارٹی کو ایک تحریک میں بدل ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ اس مسلمہ حقیقت کی گواہ ہے کہ اسے عوام کی بھرپور تائید و پذیرائی کے ساتھ جب بھی اسے اقتدار ملا اس نے اپنی تمام سیاسی بصیرت کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف ملک کے استحکام و سالمیت کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں بلکہ عوام جسے وہ طاقت کا سرچشمہ سمجھتی ہے ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے معاشی انقلاب کا سبب بنی ۔