کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے بولان میڈیکل کالج، کوئٹہ، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے اعلان کردہ اوپن میرٹ سیٹس کے خلاف بعض حلقوں کی جانب سے کیے جانے والے اعتراضات اور احتجاج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتی ہے۔پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا مؤقف ہے کہ صوبے میں پہلے ہی ڈسٹرکٹ وائز اور مختلف کوٹہ سسٹمز کے تحت بڑی تعداد میں سیٹس مختص ہیں، جن کا مقصد صوبے کے تمام علاقوں کو نمائندگی دینا ہے۔ اس کے برعکس، اوپن میرٹ سیٹس کا بنیادی مقصد پورے صوبے سے صرف میرٹ کی بنیاد پر قابل ترین طلبہ کا انتخاب ہے۔تنظیم مطالبہ کرتی ہے کہ گزشتہ سال منتخب ہونے والے 20 طلبہ کو ان کی جائز سیٹس دی جائیں تاکہ ان کے حق کا تحفظ ممکن ہو۔ تاہم آئندہ تعلیمی سال کے لیے اوپن میرٹ کے اصول اور طریقۂ کار میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کی جائے اور نئے طلبہ کی سلیکشن مکمل طور پر اوپن میرٹ کے تحت ہی کی جائے۔یہ بات بھی واضح رہنی چاہیے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے اعلان کردہ اوپن میرٹ سیٹس صوبے کے ٹاپ 20 قابل طلبہ کے لیے مخصوص ہیں، جن میں کسی قسم کا کوٹہ شامل نہیں۔ ان سیٹس کا مقصد محنتی اور باصلاحیت طلبہ کو مساوی اور منصفانہ موقع فراہم کرنا ہے۔بدقسمتی سے بعض عناصر اور چند تعلیمی اداروں سے وابستہ افراد کی جانب سے اوپن میرٹ سسٹم کو بھی کوٹہ سسٹم میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ اس اقدام سے بالخصوص پشتون علاقوں اور دیگر پسماندہ خطوں کے وہ طلبہ متاثر ہوں گے جو ہر سال اعلیٰ پوزیشنز حاصل کرنے کے باوجود کوٹہ سسٹم کی وجہ سے سیٹس سے محروم رہ جاتے ہیں۔