• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام یکم جنوری سے شروع ہونیوالی احتجاجی تحریک میں بھر پور شرکت کریں، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز نعت جلالزی، سعید اکبر کاکڑ اور نازک شیرانی نے کہا ہے کہ عوام یکم جنوری سے پارٹی کے زیرِ اہتمام کیسکو کے عوام دشمن اقدامات، چیک پوسٹوں پر عوام کی تذلیل اور عوام کے جائز کاروبار، بالخصوص پٹرول پمپس کی بندش کے خلاف شروع ہونے والی احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ احتجاجی تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات بھرپور تیاری کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبے اور جنوبی پشتونخوا میں بجلی کے نظام کو مکمل طور پر مفلوج کیا جا رہا ہے۔ بجلی کے 151 سے زائد فیڈرز بند کر دیے گئے ہیں جبکہ بجلی کا سامان اور تاریں بھی کھمبوں سے اتار لی گئی ہیں، جس کے باعث عوام اور گھریلو صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث طلبہ و طالبات کے لیے انٹرنیٹ کا نظام بھی معطل ہو چکا ہے، جس سے حالات روز بروز بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کیسکو کو اپنے اس طرزِ عمل سے فوری طور پر باز آنا ہوگا۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ چیک پوسٹوں پر عوام کے ساتھ جو ناروا سلوک اور تذلیل کی جاتی ہے وہ ناقابلِ برداشت ہے۔ فارم 47 کی حکومت عوام پر روزگار اور کاروبار کے دروازے بند کر رہی ہے، جبکہ ضلع قلعہ سیف اللہ میں پٹرول پمپس کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ تمام بجلی کے فیڈرز فوری طور پر بحال کیے جائیں، چیک پوسٹوں پر عوام کی عزتِ نفس کی تذلیل کا سلسلہ بند کیا جائے اور پٹرول پمپس کو فوری طور پر کھولا جائے۔
کوئٹہ سے مزید