تعیناتیوں و تبادلوں کیلئے اثر و رسوخ کے استعمال کا سخت نوٹس

June 29, 2022

راولپنڈی (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے ) ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل (ایم اے جی )نے پی ایم اے ڈی کے ملازمین کی طرف سے اپنی تعیناتیوں و تبادلوں کیلئے اثر و رسوخ استعمال کرانے کا سخت نوٹس لیا ہے اور انہیں خبر دار کیا گیاہے کہ باز آ جائیں ورنہ محکمانہ کارروائی ہو گی۔ملٹری اکائونٹنٹ جنرل کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن جو تمام کنٹرولرز کو بھجوایا گیا ہے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ملٹری اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کے مختلف ملازمین تعیناتیوں اور تبادلوں کیلئے سیاسی اور بیوروکریٹک اثر و رسوخ استعمال کر رہے ہیں ، یہ اقدام ای اینڈ ڈی رولز 2020 کے تحت مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے۔نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے ملازمین کی فہرست ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل دفترمیں تیار کی جا رہی ہے جن کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی، انہوں نے تمام ملازمین کو کہا کہ وہ اثر و رسوخ کے استعمال سے گریز کریں ، ورنہ ضابطے کی کارروائی ہو گی۔