اسلام آباد(ساجد چوہدری )پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ آزاد جموں و کشمیر کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں، جس کے تحت آزاد کشمیر کے مختلف اہم انجینئرنگ محکموں میں گریجویٹ انجینئر ٹرینی پلیسمنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا، معاہدے پر دستخط پی ای سی کے ہیڈ کارپوریٹ افیئرز یونٹ انجینئر محمد سہیل خان اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) عاطف الرحمٰن نے کئے ، تقریب میں چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے شرکت کی، جبکہ رجسٹرار پی ای سی انجینئر خادم حسین بھٹی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے، معاہدے کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نئے گریجویٹ انجینئرز کو مختلف اہم محکموں میں تعینات کرے گا، جن میں سینٹرل ڈیزائن آفس (سی ڈی او)، کمیونیکیشن اینڈ ورکس (ہائی ویز)، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ / پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، شعبہ برقیات آزاد کشمیر، پاور ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، مشینری ڈویژن (پی ڈبلیو ڈی) اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ حکومتِ آزاد کشمیر شامل ہیں، اس پروگرام کا مقصد نوجوان انجینئرز کو باقاعدہ، نگرانی میں اور عملی تربیت فراہم کرنا ہے، اس موقع پر چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ جی ای ٹی پروگرام میڈیکل کے ہاؤس جاب سسٹم کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جو چھ ماہ پر مشتمل ہے۔ اس میں پانچ ماہ فیلڈ میں عملی تربیت جبکہ ایک ماہ سافٹ اسکلز کی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے نوجوان انجینئرز کی ملازمت کے مواقع بہتر ہوں گے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ یہ پروگرام تعلیمی میدان اور عملی کام کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے میں مدد دے گا۔ پی ای سی اور حکومتِ آزاد کشمیر کے باہمی تعاون سے یہ پروگرام خطے میں ہنر مند، بااعتماد اور عملی میدان کے لیے تیار انجینئرز تیار کرنے میں مدد دے گا، جو طویل المدتی ترقیاتی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں۔