بہروز سبزواری نے خلیل الرحمٰن سے معافی مانگ لی

June 29, 2022

بہروز سبزواری کی خلیل الرحمٰن قمر سے معذرت

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار بہروز سبزواری نے اپنے حالیہ بیان پر معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر سے معافی مانگ لی۔

حال ہی میں بہروز سبزواری سینئر اداکار جاوید شیخ کے ہمراہ ”جیونیوز“ کے مزاح سے بھر پور پروگرام ”ہنسنا منع ہے“ میں بطورِ مہمان شریک ہوئے تھے، شو کے دوران دونوں اداکاروں سے اُن کی نجی زندگی، یادگار واقعات اور آنے والے اہم پروجیکٹس کے حوالے سے دلچسپ گفتگو ہوئی تھی۔

میزبان تابش ہاشمی نے ایک سیگمنٹ میں پاکستانی اداکاروں سمیت معروف شخصیات کے نام لیکر سوال کیا تھا کہ اگر یہ یہ لوگ اپنے موجودہ پیشے میں نہ ہوتے تو کیا ہوتے؟

اس سیگمنٹ کے دوران جب مصنف خلیل الرحمٰن قمر کا نام آیا تو بہروز سبزواری نے کہا کہ اگر وہ رائٹر نہ ہوتے تو کسی سے پِٹ رہے ہوتے۔

تاہم، اب بہروز سبزواری نے اپنے اس بیان پر خلیل الرحمٰن قمر سے معذرت کرلی ہے۔

بہروز سبزواری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر میرے حالیہ بیان سے خلیل الرحمٰن صاحب کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں ذاتی طور پر اُن سے معذرت خواہ ہوں۔

اداکار نے کہا کہ میں نے جو مذاق میں تبصرہ کیا تھا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے پاس خلیل الرحمٰن قمر جیسا رائٹر موجود ہی نہیں ہے، میں دل سے اُن کی قدر کرتا ہوں۔

اُنہوں نے خلیل الرحمٰن قمر کے مداحوں سے بھی معذرت کی۔