عید الاضحٰی پر بنائیں چٹخارے دار پکوان

July 01, 2022

عظمٰی صدیقی

عیدالاضحی کی آمد آمد ہے۔ آپ کی مصروفیات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔تیاریاں تو شروع کردی ہوں گی۔ لیکن ہمیشہ کی طرح ہم بھی آپ کی مصروفیات میں شامل ہو گئے۔ اس ہفتے ہم آپ کو گوشت کے مزیدار پکوان کی تراکیب بنارہے ہیں۔

…کلیجی …

اجزاء: کلیجی ایک کلو، میدہ ایک کھانے کا چمچہ، تیل ایک سے دو پیالی، نمک حسب ذائقہ، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، پسی ہلدی ایک سے دو چائے کےچمچے، پسا دھنیا ایک چائے کا چمچہ،دہی ایک سے دو پیالی ٹماٹو پیسٹ دوکھانے کے چمچے، پیاز ایک کپ (باریک چوپ کر لیں)۔ لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ادرک کاپیسٹ ایک چائے کا چمچہ، لونگ چار عدد، ثابت کالی مرچیں چھ عدد، دار چینی ایک درمیانہ ٹکڑا، چھوٹی الائچی تین عدد، ثابت دھنیا ایک سے دو کپ (چوپ کرلیں)۔ ہری مرچیں تین عدد، گرم مسالہ پائوڈر ایک سے دو چائے کے چمچے۔

ترکیب: فرائی پین میں تیل گرم کر یں۔ کلیجی صاف کر کے میدہ لگائیں اور گرم تیل میں تل لیں۔ تیل گرم کر کے پیاز سرخ تل لیں۔ اب ا س میں لونگ، سیاہ مرچیں، دار چینی، الائچی، لہسن، ادرک کاپیسٹ، کلیجی، نمک ،پسی لال مرچ، پسی ہلدی اور پسا دھنیا ڈال کر بھونیں، بعد ازاں حسب ِضرورت پانی ڈال کرڈھانپ دیں اور درمیانی آنچ پر اتنی دیر تک پکائیں کہ کلیجی گل جائے ا س کے بعد دہی، ٹماٹو پیسٹ ملا کر کلیجی میں ڈال کر مزید بھونیں۔ آخر میں ہرا دھنیا ، ہری مرچیں ، گرم مسالہ پائوڈر ڈال کر نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

…مٹن کڑاہی…

اجزاء: گوشت ایک کلو، کچا پپیتا پسا ہو ا ایک کھانے کا چمچہ، لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچہ، پیاز دو عدد(سلائس کاٹ لیں)، لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ٹماٹر تین عدد(چوپ کر لیں)، زیرہ (کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچیں سجاوٹ کے لئے، نمک حسب ذائقہ، تیل ایک سے دو کپ۔

ترکیب: پیالے میں گوشت، کچا پپیتا ، نمک ، لال مرچ پائوڈر ، ٹماٹر، لہسن، ادرک پیسٹ، کٹا ہوا زیرہ، کٹا ہوا دھنیا، گرم مسالہ اور لیموں کا رس ڈال کر یک جاکر کے ایک گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز تل لیں۔ سنہری ہو جائے تو گوشت ڈال کر ملائیں اور ڈھانپ کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔پانی خشک ہو جائے تو دھیمی آنچ پر بھون لیں۔ تیل الگ ہونے لگے تو ہری مرچیں ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔ ڈش میں ڈال کر پیش کریں۔

…کچے گوشت کی بریانی…

اجزا: بیف ڈیڑھ کلو، چاول ایک کلو، لہسن ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، دہی آدھا کلو، نمک حسب ِضرورت ،کالا زیرہ ایک چائے کا چمچہ ،ٹماٹر آدھا کلو، پیاز آدھا کلو، لال مرچ دوکھانے کے چمچے ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں چھ عدد، پپیتا پسا ہوا چار چائے کے چمچے، گھی دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب: سب سے پہلےچاولوں کو صاف کر کے دھو لیں اور ایک کنی پر اُبال لیں۔ چاول اُبالتے وقت ان میں ایک چائےکا چمچہ نمک، اور زیرہ شامل کر دیں، ساتھ ہی دو تین عدد ہری مرچیں بھی اس میں ڈال دیں۔ پیاز اور ٹماٹر باریک کاٹ کر باقی تمام مسالوں اور اجزا کے ساتھ گوشت میں شامل کر لیں۔

پتیلی میں گھی گرم کر لیں اور ایک پیاز باریک کاٹ کر ہلکی براؤن کرلیں ،پھر اس میں تمام اجزا اور گوشت ڈال کر اس کے اوپر چاول پھیلا دیں۔ ساتھ ہی زرد رنگ کا بھی شامل کردیں اور دھیمی آنچ پر ایک گھنٹے پکنے دیں۔ جب بریانی پر دم آجائے تو چاولوں اور گوشت کو چمچے سے ہلالیں۔ مزیدا ر کچے گوشت کی بریانی تیار ہے۔