کل بھوش پنڈت عرف راج کمار کی 26 ویں برسی آج منائی جائیگی

July 03, 2022

ممبئی(پی پی آئی) بولی وڈ کے معروف آنجہانی اداکار کل بھوش عرف راج کمار پا کستان کے صوبہ بلوچستان میں 8 اکتوبر 1926 کو پیدا ہوئے ،ان کا تعلق پٹھانوں کے خطے بلو چستان سے تھا، برصغیر کی تقسیم کے بعد وہ اپنی فیملی کے ہمراہ بمبئی منتقل ہوگئے،راج کمار نے اپنی عملی زندگی کا آغاز بطور پولیس سب انسپکٹر 1944 میں کیا تھا۔ راج کمار کی پہلی فلم رنگیلی 1952 کے آخر میں ریلیز ہوئی، راج کمار کی خوبصورت اداکاری، پرکشش آواز مخصوص لہجے، مکالموں کی ادائیگی اور کمال فن کے باعث اس کے ہم عصر اس کے ساتھ کام کرتے ہوئے مرعوب ہوجاتے تھے۔انہوں نے تقریبا70سے زائد فلموں میں کام کیا،ان کی چند کامیاب فلموں میں قدرت، جنگ باز، ایک نئی پہیلی ، مرتے دم تک ، مقدر کا فیصلہ، نیل کمل، پھول بنے انگارے، پیار کا بندھن، چنبل کی قسم، سازش، ترنگا، پولیس اور مجرم، الفت کی نئی منزلیں ، میرے حضور، محبت کے دشمن وغیرہ شامل ہیں، راج کمار نے1960میں گائتری نامی لڑکی سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بیٹے یوراج، پینی راج اور بیٹی واستو یکتا تھی،1990 میں راج کمار کی آواز گلے کے کینسر کی وجہ سے ماند پڑ نے لگی۔ انہوں نے بڑی حوصلہ مندی اور جرات سے بیماری کا مقابلہ کیا۔ مالی حالات بھی خراب ہونے لگے۔ بالآخر تقریبا چار دہائی تک اپنی سنجیدہ اداکاری سے ناظرین کے دلوں پر حکومت کرنے والے عظیم اداکار راجکمار 3 جولائی 1996 کو69سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔