خواجہ آصف عادتاً جھوٹے، کنفیوژن پھیلانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں، فواد چوہدری

July 03, 2022

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف عادتاً جھوٹے، اپنی گفتگو سے کنفیوژن پھیلانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں، خواجہ آصف کے خیالات کو سنجیدگی سے لینا خود سنجیدگی کی توہین ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے تحریک انصاف کے امریکا سے معافی مانگنے کے دعوے پر فواد چوہدری نے رد عمل دے دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ڈونلڈ لُو کا کردار اس مراسلے میں درج ہے جسے یہ سارا ٹولہ جھٹلاتا ہے، منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش کرنے والے اب بھی امریکی خوشنودی کے لیے بیانیے بناتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ امریکی ایجنڈے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قومی مفاد پر اپنے بیانیے کی بنیاد رکھی، امریکا سمیت بیرونی قوتوں کی خوشنودی کو مقصدِ حیات بنانا شریفوں کے درباریوں کی پہچان ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ غیرت و حمیت سے اجنبی گروہ افواہ سازی کے ذریعے اپنی خاک آلود عزت بحال نہیں کرسکتا۔