جوبائیڈن کی اہلیہ سمیت 25 امریکیوں پر روسی پابندی

July 05, 2022

ماسکو (جنگ نیوز ) روس نے امریکی خاتون اوّل جل بائیڈن اور ان کی بیٹی سمیت 25 امریکیوں پر سفری پابندی عائد کردی۔ دوسری جانب جی سیون ممالک نے روس پر دبائو بڑھانے اور یوکرین کی مدد جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس نے امریکا کی سیاسی شخصیات اور تاجروں کے خلاف پابندیوں میں مسلسل توسیع کو جاری رکھتے ہوئے مزید 25امریکیوں پر پابندی عائد کردی۔جن امریکی شخصیات کو اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے اُن میں صدر جوبائیڈن کی اہلیہ اور بیٹی بھی شامل ہیں۔اسٹاپ لسٹ میں امریکی سینیٹرز سوسن کولنز، میک کونل، چارلس گراسلی اور کرسٹن گلیبرانڈ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پروفیسرز، محققین اور حکومتی حکام بھی شامل ہیں۔دریں اثنا دنیا کی سات امیر ترین جمہوریتوں کے رہنماؤں نے یوکرین کی حمایت میں ایک مشترکہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ضرورت ہو گی یوکرین کی مدد جاری رہے گی۔G7ممالک کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ کریملن کی تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی جو روس یوکرین میں جنگی کارروائیوں میں استعمال کر رہا ہے، اسے محدود کرنے کی کوشش جارہی رکھیں گے۔جی سیون اجلاس میں شریک سات اقتصادی طاقتوں نے طے شدہ حد سے زیادہ قیمت پر فروخت ہونے والے روسی تیل کی نقل و حمل پر پابندی عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔جی سیون اجلاس کے آخری روز جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ ہم روس سے سول، نیوکلیئر اور دیگر متعلقہ سامان پر انحصار کو مزید کم کریں گے۔ اور ان ممالک کی مدد کے لیے کام کریں گے جو اپنی سپلائز میں تنوع پیدا کرنے کے خواہاں ہیں۔