برطانیہ، یورپ، امریکہ کے مسلمان حج کی سعادت سے محروم

July 05, 2022

ہیلی فیکس(نمائندہ جنگ) سعودی حکومت کی جانب سے نئے پورٹل سروس سے سیکڑوں عازمین حج اس سال ہزاروں پونڈز ادا کرنے کے باوجود حج کی سعادت حاصل نہیں کر سکیں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے نئے نظام کے باعث برطانیہ سمیت یورپی ممالک امریکہ اور دیگر ممالک کے مسلمانوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے اس سال حج پر جانے والے عازمین کے لیے متبادل پروازوں کو یقنی بنانے کا وعدہ کیا ہے، ٹریول پورٹل پر تکنیکی مسائل نے بہت سے لوگوں کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے سے محروم کر دیا ہے، برطانوی مسلمانوں نے اسکائی نیوز کو بتایا ہے کہ انہوں نے حج پیکیج کے لیے ہزاروں پونڈز ادا کیے ہیں لیکن انہیں اس سال حج مقدس کی سعادت حاصل کرنے سے محروم کر دیا ہے جب کہ وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ وہ برطانیہ، متحدہ امریکہ اور یورپی ممالک سے سعودی عرب جانے کے خواہشمند عازمین کے لیے متبادل پروازوں اور اضافی نشستوں کے لیے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں داخل ہونے کے لیے ویزوں کے فوری اجرا کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزارت حج و عمرہ ان لوگوں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں ہے جو الیکٹرانک پورٹل کا استعمال کرنے والے حجاج کو درپیش تکنیکی مشکلات سے متاثر ہیں، واضح رہے اس مہینے کے شروع میں اور حج کے آغاز سے صرف چار ہفتے قبل سعودی عرب نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کے لیے ٹریول ایجنٹس کے کردار کو ختم کر کے ایک نیا پورٹل، متعارف کیا تھاجس سے مسلم کمیونٹی کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یاد رہے برطانیہ میں ٹریول ایجنٹس ہر سال تقریبا 25 ہزار عازمین حج کیلئے ٹکٹ اور سعودی عرب میں رہائش کا انتظام کرتے تھے جب کہ سعودی حکومت نے ان ایجنٹوں کا عمل دخل ختم کر کے ایک نیا نظام متعارف کروایا ہے جس سے برطانوی حج ٹریول کے شعبے سے وابستہ افراد کے کاروبار کو تقریباً 75ملین پونڈز کا نقصان ہوا ہے۔