زمبابوے: بڑھتی مہنگائی پر قابو کیلئے کرنسی کے بجائے سونے میں لین دین

July 05, 2022

فائل فوٹو

زمبابوے کے مرکزی بینک نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سونے کے سکے فروخت کرنا شروع کردیے ہیں، ملک میں کاروباری اور مالیاتی لین دین کے لیے سونے کے سکے استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

مرکزی بینک کے گورنر نے اپنے بیان میں کہا کہ سونے کے سکے 25 جولائی سے فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔

سونے کے سکے امریکی ڈالر، مقامی کرنسی اور دیگر بین الاقوامی کرنسیز میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے مطابق خریدے جا سکیں گے۔

بینک نے کہا کہ سونے کے سکوں کو نقد رقم میں منتقل کیا جا سکے گا، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اس کے ذریعے تجارت ہو سکے گی۔

یاد رہے کہ زمبابوے نے 2009 میں مالی معاملات کے لیے اپنی کرنسی ترک کر کے غیر ملکی کرنسیز استعمال کرنا شروع کی تھیں، زیادہ تر لین دین امریکی ڈالر میں ہو رہا تھا۔

حکومت نے 2019 میں مقامی کرنسی ’زمبابوین ڈالر‘ دوبارہ متعارف کروایا تھا لیکن اس کی قدر پھر گرتی جا رہی ہے۔